• news

ہیلی کا پٹر حادثہ، بھارتی  چیف آف ڈیفنس  نپن راوت ہلاک

لاہور+اسلام آباد + نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی +شنہوا+کے پی آئی) بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 وی فائیو تامل ناڈو میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں سابق بھارتی آرمی چیف اور موجودہ چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت، اہلیہ، آرمی آفیسر سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہیلی کاپٹر ونگ کمانڈر پرتھوی چوہان اڑا رہا تھا۔ حادثے میں گروپ کیپٹن ورن سنگھ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لاشیں بری طرح جل چکی ہیں۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر ہیلی کاپٹر تامل علیحدگی پسندوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات بھی گردش کرتی رہیں۔ نئی دہلی سے کے پی آئی کے مطابق ٹوئٹر پر بھارتی فضائیہ نے ایک بیان میں کہا کہ 63 سالہ چیف آف ڈیفنس سٹاف روسی ساختہ ایم آئی 17 وی 5  ہیلی کاپٹر پر سفر کر رہے تھے جو بدھ کو تامل ناڈو کے علاقے کنور کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ دیگر سکیورٹی افسران کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں سوار تھے اور ڈیفنس سروسز سٹاف کالج جا رہے تھے۔ جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت، بیرگیڈیئر ایل ایس اددر، لیفٹیننٹ کرنل ہرجیندر سنگھ، این کے گرو سیوک سنگھ، این کے جتیندر کمار، لائنس نائیک وویک کمار، لانس نائیک بی سائی تیجا اور حولدار ستپال ہیلی کاپٹر پر سوار تھے۔ بھارتی نیوز ویب سائٹ ٹائمز نو کے مطابق ہیلی کاپٹر میں  پائلٹ سمیت کل 14 افراد سوار تھے۔ بھارتی نیوز چینلز پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں ضلع نیلگری میں کالج کے قریب ایک گھنے جنگلات والے علاقے میں حادثے کی جگہ پر ایک ملبے کو لگی ہوئی آگ کو دکھایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر نے بدھ کی سہ پہر سلور ایئر فورس سٹیشن سے اڑان بھری تھی۔ جنرل بپن راوت بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس سٹاف ہیں۔ انہیں31 دسمبر 2016 ء کو اس عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔ یہ عہدہ بھارتی حکومت نے 2019 میں قائم کیا تھا اور انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کے قریب سمجھا جاتا تھا۔ وہ ایک فوجی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، جن کی کئی نسلیں بھارتی مسلح افواج میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ بپن راوت نے چار دہائیوں تک خدمات انجام دیں۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر اور چین کی سرحد سے متصل لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ فورسز کی کمان کرتے رہے۔ مقبوضہ کشمیر میں راشٹریا رائفلز کی کمانڈ بھی کرچکے ہیں۔ بھارتی نشریاتی ادارے اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی فوجی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ مقامی لوگوں نے 80 فیصد جھلسنے والی 2 نعشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا۔ سابق بھارتی آرمی چیف جنرل جے جے سنگھ نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نعشیں جھلسی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے۔ ہیلی کاپٹر دوپہر 12 بج کر 20 منٹ پر تباہ ہوا۔ جس کی اطلاع مقامی افراد نے ضلعی انتظامیہ کو دی جس کے بعد دفاعی اسٹیبلشمنٹ کو اس کا علم ہوا۔ انڈیا ٹو ڈے کا کہنا ہے کہ اب تک تین افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جنرل بپن راوت میڈیکل کالج میں لیکچر کیلئے جارہے تھے۔ ہیلی کاپٹر کے ملبے سے 13 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کے مقام پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ وجوہات جاننے کیلئے انکوائری کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جنرل بپن راوت بھارت کے آرمی چیف تعینات رہے ہیں اور 31 دسمبر 2019 کو عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ بھارتی وزیراعظم نے انہیں ملک کا پہلا چیف آف ڈیفنس مقرر کیا تھا۔ بھارتی فضائیہ نے جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 13 نعشیں ملی ہیں جن کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اس سے قبل بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ایچ ایس پناگ نے ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت حادثے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر سلور ایئر بیس سے ویلنگٹن میں ڈیفنس سروسز سٹاف کالج جارہا تھا۔ بھارتی فضائیہ کے بیان میں کہا گیا کہ حادثے کی وجہ جاننے کیلئے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 میں سے صرف ایک آفیسر خوش قسمتی سے زندہ بچ پایا۔ گروپ کیپٹن ورون سنگھ اس وقت شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ وہ بری طرح جھلس گئے تھے۔ انہیں شدید چوٹیں آئی ہیں اور وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔راولپنڈی سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف آرمی سٹاف جنرل ندیم رضا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیلی کاپٹر کریش میں بھارتی چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں جنرل بپن راوت کی اہلیہ اور دیگر قیمتی جانوں کے ضیاع پر بھی افسوس کا اظہار جبکہ ترجمان پاک  فضائیہ نے کہا ہے کہ ائر چیف نے جنرل بپن راوت کی ہلاکت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف سمیت 13 افراد کی ہلاکت پر نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بھی اظہار افسوس کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن