دورہ پشاور پر کارروائی ہو گی، وزیر اعظم لیکشن کمشن کی وارننگ کے باو جود پہنچ گئے
پشاور (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان الیکشن کمشن کے احکامات کو نظر انداز کرکے پشاور پہنچ گئے۔ الیکشن کمشن نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی وزیراعظم کو پشاور کے دورے سے روک دیا تھا۔ خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات رواں ماہ ہی ہو رہے ہیں جس کے لئے وزیراعظم نے خیبر پی کے کے دس لاکھ افراد کو صحت کارڈ جاری کرنے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنا تھا۔ بدھ کے روز جب وزیراعظم پشاور روانہ ہونے لگے تو صوبائی الیکشن کمشن کی جانب سے کہا گیا کہ خبر ہے آپ پاکستان کارڈ لانچ کیلئے پشاور کا دورہ کر رہے ہیں، الیکشن کمشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ یونین کونسلز میں داخلے پر پابندی ہے، آپ کو مشورہ ہے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ کریں بصورت دیگر آپ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ بلدیاتی الیکشن کی تاریخ طے ہونے کے بعد کسی منصوبے کا افتتاح نہیں ہو سکتا۔