ہائیکورٹ: 5 افراد کے قتل میں پانچ پانچ سزائے موت کے مجرموں کی سزا عمر قید میں تبدیل
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے پانچ افراد کے قتل میں پانچ پانچ مرتبہ سزائے موت کے مجرمان کی سزا عمر قید میں تبدیل کر دی۔ مجرمان پر دہشتگری دفعات کے تحت پانچ افراد کو قتل اور سات کو زخمی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مجرمان کے خلاف 2011ء میں سرگودھا میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز کی سربراہی میں بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ مجرمان نے سزائے موت کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی تھیں۔ مجرموں کے وکیل ناصر ٹوانہ ایڈووکیٹ نے دوران کیس کی سماعت عدالت کو بتایا کہ انسداد دہشتگری عدالت نے ریکارڈ کا بغور جائزہ نہیں لیا۔ عدالت نے مجرمان کو دہشتگردی کے چارجز سے بری کر دیا۔ قتل کی دفعات میں سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔ مجرموں تنویر حسین اور دیگر نے لاہور ہائیکورٹ میں سزا کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔