پاکستان نے امریکی سمٹ میں شرکت سے انکار کر کے حقیقی بھائی ہونے کا ثبوت دیا: چین
بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کی جانب سے امریکہ کی ڈیموکریسی سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر چین کا اسلام آباد کے حق میں بڑا بیان سامنے آ گیا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے جمہوریت کے عنوان پر بلائی جانے والی ورچوئل سمٹ 10 دسمبر تک جاری رہے گی جس میں شرکت کے لیے پاکستان سمیت تقریباً 110 ممالک کو دعوت دی گئی۔ جبکہ روس، چین، ہنگری اور ترکی کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ ٹوئٹر پر چین کی وزارت خارجہ کے محکمہ اطلاعات کے ترجمان لیجیاں ژاؤ نے ٹویٹ کی۔ ٹوئٹر پر انہوں نے پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے دیا گیا بیان تصویر کی صورت میں شیئر کیا۔ ترجمان ژاؤ لیجیان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے جمہوریت سربراہی اجلاس میں شرکت سے انکار کر کے چین کا حقیقی بھائی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔