فیصل آباد میں سب سے بڑا ایکسپو سنٹر بنے گا، پی ڈی ایم کا ایجنڈا ذاتی مفادات کا تحفظ:
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بد عنوانی کی روک تھام کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ بدعنوانی ایک سماجی ظلم اوربہت بڑی معاشرتی برائی ہے۔ کرپشن کرنا عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کا ایجنڈا لیکر اقتدار میں آئی ہے۔ نئے پاکستان میں کرپٹ لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہر شعبہ میں شفافیت کو یقینی بنانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ماضی میں وسائل لوٹنے والے بااثر مافیا پر پہلی بار ہاتھ ڈالا اور مگرمچھوں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چولستان، تھل اور کوہ سلیمان کے بجلی سے محروم پسماندہ علاقوں کو سولر انرجی سے روشن کیا جائے گا۔ پنجاب کے سینکڑوں گاؤں کو مرحلہ وار سولر انرجی کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے گی۔ آف گرڈ سلوشن کے ذریعے پسماندہ ترین علاقوں کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ عثمان بزدار اگلے ماہ پہلے آف گرڈ سلوشن پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ سابق حکومت نے انرجی کے مہنگے منصوبے لگائے جس سے عوام پر بوجھ پڑا۔ عثمان بزدار نے فیصل آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے ایکسپو سینٹر بنانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ سیالکوٹ میں بھی ایکسپو سینٹر بنایا جائے گا۔ ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے سیالکوٹ میں سرجیکل سٹی بنایا جائے گا جبکہ چونیاں میں ایکوا پارک پراجیکٹ کا جلدآغاز کردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سرمایہ کاری سہولت سینٹر سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ منتخب نمائندوں نے عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 3 برس میں ہر ضلع میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے سفر میں برابر کا شریک کیا ہے۔ سابق حکومت نے دور دراز علاقوں کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا۔ ماضی میں نظرانداز کئے گئے علاقے آج ترقی کر رہے ہیں اور 3 برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں۔ پی ڈی ایم کا ایجنڈا صرف اورصرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ اپوزیشن کا بے مقصد احتجاج صرف اپنی ذات کیلئے ہے۔ اپوزیشن کوعوام کا احساس ہے نہ ملک کی پرواہ۔ لانگ مارچ کا شوشہ چھوڑنے والے پاکستان کی ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی ہدایت پر ملتان میں احساس بازار کے بعد دیوار احساس قائم کر دی گئی ہے۔ صنعت زار روڈ پر قائم دیوار احساس پر مستحق افراد کو گرم کپڑے فراہم کئے جا رہے ہیں۔