زرداری کا نواز شریف کے بارے میں بیان افسوسناک ، عمرانن کے سستے پاکستان میں بجلی مز ید مہنگی: شہباز شریف
اسلام اباد (خبر نگار+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 75 پیسے یونٹ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا عمران ان نیازی کے ’’سستے پاکستان‘‘ میں بجلی مزید مہنگی ہوگئی، یہ ہے ’’سستے پاکستان‘‘ کی اصل حقیقت۔ حکومت الٹی چھری سے قوم کو ذبح کر رہی ہے، عوام کے سینوں میں کھولتا لاوا اور نفرت پاکستان کے لئے اچھی علامت نہیں۔ اپنے ایک بیان میں میاں شہباز شریف نے کہا یے کہ ہر ماہ بجلی کے بل عوام کے گھروں پر مہنگائی کا کوڑا بن کر برستے ہیں، ظالم حکومت بے حسی کے ریکارڈ توڑ چکی۔ آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ کیا گیا۔ عمران خان کہتے تھے بجلی کی قیمت بڑھانے والا وزیراعظم چور ہوتا ہے۔ نیپرا کا نوٹیفکیشن عمران نیازی کو بھیجا جائے تاکہ انہیں "سستے پاکستان" میں غریبوں کی سچائی کا شایدکچھ احساس ہو۔ پاکستان میں "سستی ترین" حکومت عوام کے لئے تاریخ کی مہنگی ترین، نالائق ترین اور کرپٹ ترین حکومت ثابت ہوئی ہے۔ حکومت نے بجلی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دی، پھر بھی گردشی قرض ڈبل ہوگیا۔ حکومت مہنگائی میں اضافے اور قومی آمدن میں کمی کی دوہری تلوار سے عوام کا معاشی قتل عام کر رہی ہے۔ ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرداری کا نواز شریف کے بارے میں بیان افسوس ناک ہے۔ میاں صاحب کی پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی ہمیشہ ناقابل تردید رہی ہے۔ نواز شریف کو کن حالات میں بیرون ملک جانا پڑا آپ جانتے ہیں، ہمیں ایسے ریمارکس سے گریز کرنا چاہیے۔ سب کو مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے ملاقات کی، قومی معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی ہوا جس میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا کہ فوری اقدامات نہ لئے گئے تو پھر صورت حال نا قابل اصلاح ہو جائے گی جو قومی سلامتی کیلئے زبردست خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ضلع چکوال کے سیاسی منظرنامے پر بھی بات ہوئی اور امید ظاہر کی گئی کہ مسلم لیگ غیر جانبدارانہ انتخابات میں چکوال میں پہلے کی طرح کلین سویپ کریگی۔ صدر مسلم لیگ نے جنرل عبدالقیوم کی سینٹ میں بہترین کارکردگی اور ملکی سیاست میں مثبت کردار کو سراہا۔