افغان عورتیں بچے بیچنے پر مجبور ہو گئی ہیں: معید یوسف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے 24 ویں سالانہ پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ اتنے وسائل نہیں کہ مکمل افغان حکومت کی امداد کر سکیں۔ مہاجرین کے مسئلے سے بچاؤ کی تیاری کر رہے ہیں۔ افغانستان کے معاملے پر سب کے سر پر تلوار لٹک رہی ہے۔ پاکستانی ریاست مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ پاکستان میں کسی قسم کی انتہا پسندی کیلئے ہمدردی نہیں، افغان عورتیں بچے بیچنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔ افغانستان کے معاملے کو آئی ایم ایف کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔ دہشتگردی سے مقابلے سے متعلق دنیا کا کوئی بھی ملک پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ دنیا میں سٹریٹجی یہ ہونی چاہئے کہ پناہ گزین ہوں ہی نہیں۔ پناہ گزینوں کیلئے انتظامات کے برعکس افغانستان میں ہی سہولیات کیوں نہ ہوں۔ پاکستان افغانستان یا طالبان کا ترجمان نہیں، کم از کم انسانیت کے ناطے آواز تو اٹھانا ہوگی۔