علامہ اقبال کے فرمودات پر عمل کرنا ہی انہیں خراج تحسین پیش کرنا ہے: میاں منیر
لاہور(سپیشل رپورٹر) انجمن حمایت اسلام کے زیرانتظام حمایت اسلام ڈگری کالج برائے خواقتین ملتان روڈ میں شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال کے یوم پیدایش کے حوالے سے تقریری مقابلہ کالج ہال میں منعقد ہوئی جس میں طالبات نے علامہ اقبال کی فکری اساس ونظری حیات پر انگریزی واردو زبان میں تقاریر کیں۔ اس کے علاوہ علامہ اقبال کی شاعری پر طالبات نے ٹیبلو بھی پیش کئے ۔ تقریب کی صدارت سیکرٹری جنرل انجمن حمایت اسلام میاں محمد منیر نے کی ۔جبکہ مہمان خصوصی پروفیسر یاسر سلطان تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد منیر نے کہا کہ علامہ اقبال انجمن حمایت اسلام کے چار سال صدر اور سیکرٹری رہے جو انجمن کیلئے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے فرمودات پر عمل کرنا ہی اصل میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ علامہ اقبال کے فرمودات پر اگر پچاس فیصد بھی عمل کرلیا جائے تو پاکستان بہت زیادہ ترقی کرسکتا ہے۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کو خاص طور پر اس تقریب کے انعقاد پر مبارک دی۔ مہمان خصوصی پروفیسر یاسر سلطان نے کہا کہ اقبال ہی وہ مفکر ہیں جن کے ذہن میں سب سے پہلے واضح طور پر ایک اسلامی ریاست کا تصور ابھرا اورقائد اعظم محمد علی جناح نے فکر اقبال کی رہنمائی سے تقویت حاصل کی اور مسلمانان ہند کیلئے الگ مملکت کے تصور کو منزل مقصود تک پہنچایا۔ تقریب میں سیکرٹری ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر شوکت علی، سہیل محمود بٹ، آفتا ب اسلام آغا، جسٹس رستم علی ملک، پروفیسر ریاض الحق چودھری، ایس ایم اشفاق، میاں محمد مشتا ق پیرزادہ، منیراحمد خان، اصغر علی، فوزیہ سید سلمیٰ اوردیگر نے شرکت کی۔