عمران خان ہمارے چیئرمین سے مناظرہ کر لیں‘ چت نہ کیا تو جیالا نہ کہنا: سعید غنی
کراچی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے وزیر اعظم عمران خان کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو ہمارے چیئرمین کے ساتھ براہ راست مناظرے پر بٹھا دیں۔ بلاول ان کو 5منٹ میں چت نہ کریں تو ہم خود کو جیالا نہیں کہیں گے۔ عمران خان کی حکومت کی وجہ سے لوگوں کا جینا محال ہوگیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی پر ردعمل دیتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم سندھ میں کبھی 2یا 3روزہ دورے پر نہیں آئے، سندھ کے دورے پر اس طرح آتا ہے جیسے لوگ باہر جا کر کھانا کھاتے ہیں۔ عمران خان جب سے وزیراعظم بنے کوئی رات سندھ یا کراچی میں نہیں گزاری۔ امریکا کا صدر اگر فون نہیں کرتا ہے تو سزا پاکستانیوں کو مت دو، اسد عمر خود کو کراچی کا کہتا ہے مگر الیکشن اسلام آباد سے لڑا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے منہ کو خون لگا ہوا ہے۔ کراچی کے شہریوں نے بہت بھگت لیا ہے۔ اب کراچی کے شہری خونریزی نہیں چاہتے ہیں۔ شہری لوگوں کو لڑانے کی سازش نہیں ہونے دیں گے۔ وفاقی حکومت نے چینی پر کمشن بناکر نام کمایا مگر رپورٹ پر کارروائی نہیں ہوئی۔ کمشن رپورٹ پر عمل ہوا تو کابینہ کے کئی وزیر جیل میں ہوں گے۔ وزیراعظم کراچی آکر جھوٹ بول کر گئے۔ وزیراعظم کے آئی ایم ایف سے وعدوں پر عوام خود کشیاں کر رہے ہیں۔ غریبوں کی جیپ پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بس سروس کو جنگلا بس کہنے والے آج کسی اور کے منصوبوں کے فیتے کاٹ رہے ہیں۔ اعلانات پر مبنی حکومت کا نام اعلان خان ہونا چاہئے۔ 31 جنوری کو شہر کیلئے 50 نئی بسیں لا رہے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے کہا کہ گرین لائن کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔ نواز شریف نے یہ منصوبہ شروع کیا۔ وزیراعظم عمران نے کے سی آر والا ڈرامہ کیا ہے۔