پاکستان ، ویسٹ انڈیز کرکٹ کے پریکٹس سیشن منسوخ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کا گزشتہ روزطے شدہ پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول سیریز کی تیاریوںکیلئے ٹیموں نے جمعہ کی شب رات 7:30 سے 10:30 بجے تک نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں شرکت کرنا تھی۔ گزشتہ شب دبئی سے کراچی پہنچنے والے پاکستانی کرکٹرز کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹس کے نتائج منفی آگئے، قبل ازیں کراچی آمد کے بعد مقامی ہوٹل میں قرنطینہ کرنے والے قومی کرکٹرز کے کروناٹیسٹ کی رپورٹس بھی منفی آئی تھیں۔اس کے علاوہ جمعرات کی صبح دبئی کے راستے کراچی پہنچنے والی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹس جاری نہیں کی جاسکیں۔ دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز آرام کیا، پرسوں تیرہ دسمبر سے شروع ہونے والی تین ٹی 20 میچز کی سیریز کیلئے دونوں ٹیمیںآج سے پریکٹس کا آغاز کریں گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ کپتان بابر اعظم کے رویئے کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا ہے اور کھلاڑی اس کیلئے جان دینے کیلئے بھی حاضر ہیں کیونکہ لیڈر اگر آپ کو سپورٹ کرے تو آپ جان بھی دے دیتے ہیں۔بابر اعظم جیسے فیصلے کر رہے ہیں وہ ایک اچھے لیڈر کی نشانی ہے ، بابر اعظم اچھے برے وقت میں سب کو سپورٹ کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کے رویئے کی وجہ سے ٹیم ایک یونٹ بنی، اس کو مومنٹم ملا اور ہر کھلاڑی پرفارم کرنے کیلئے آگے بڑھ رہا ہے۔ کنسلٹنٹس میتھیو ہیڈن اور ورنن فلینڈر کا ٹیم کو بہت فائدہ ہوا تھا، ہیڈن کا ایک بڑا نام ہے ، کم وقت میں انہوں نے مضبوط بنانے کی کوشش کی ، میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم کو بیٹنگ اور بائولنگ کوچز کی ضرورت رہتی ہے، اسی طرح جس طرح فزیو اور ٹرینر ٹیم کیلئے ضروری ہیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہارے ضرور لیکن سیکھنے کو بہت ملا ، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے مومنٹم ملا اور ایک یونٹ بنے ، یہی وجہ ہے کہ بنگلہ دیش میں دونوں فارمیٹ (ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ ) کے تمام میچز میں کامیابی حاصل کی۔ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں اتار چڑھاوآتا رہتا ہے، ہم ٹیم تو ہیں ہی لیکن ہم فیملی پہلے ہیں ، جس طرح فیملی میں ایک دوسرے کو سپورٹ ملتی ہے اسی طرح ہم ایک دوسرے کو اٹھا کر رکھتے ہیں ، ہار جیت ایک کھلاڑی کی نہیں پوری ٹیم کی ہوتی ہے ، یہی چیز ہم ایک دوسرے کو سمجھاتے ہیں۔ کوچ ثقلین مشتاق نے گراونڈ میں جھنڈا لگانے کی روایت قائم کی ، سبز ہلالی پرچم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے اپنے پیارے ملک کیلئے کھیلنا ہے جس کیلئے ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ جھنڈا لگانے کی روایت نے سب کو متحرک کیا ہے۔ ابھی سیریز پر فوکس ہے ، بی بی ایل میں معاہدے کو دیکھ رہا ہوں ، سیریز کے بعد فیصلہ کروں گا۔