• news

امریکی سینٹرزکی ملاقات،افغان بحران سے بچنے کیلئے عالمی تعاون ضروری،آرمی چیف


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینیٹر اینگس کنگ کی سربراہی میں امریکی سینٹ کی آرمڈ سروسز اور انٹیلی جنس کمیٹیوں کے ارکان نے چیف  آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ وفد میں سینیٹر رچرڈ بر، سینیٹر جان کارن اور سینیٹر بین ساس بھی شامل تھے۔ پاکستان میں امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی ممالک کے ساتھ نتیجہ خیز دو طرفہ روابط برقرار رکھنے کا خواہاں اور پرامن، متنوع، پائیدار تعلقات کی خواہش رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے  کے لئے فوری عالمی تعاون   اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئندہ  چیلنجوں کے تناطر میںجیو پولیٹیکل اور سکیورٹی صورتحال کے بارے میں باہمی افہام و تفہیم کے لیے سینیٹرز کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ امریکی سینیٹرز نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں اور علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

ای پیپر-دی نیشن