میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا کامیاب ریسکیو آپریشن ، 13 ماہی گیروں کو بچالیا
کراچی(این این آئی)پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سمندر میں پھنسے 13 ماہی گیروں کی زندگیاں بچالیں۔ترجمان پی ایم ایس کے مطابق کشتی کوکسی نامعلوم چیز کے ٹکرانے سے نقصان پہنچا۔ اس وقت کھلے سمندر میں مشینری خراب ہو جانے کی وجہ سے بے یار و مددگار کھڑی ہے۔پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی بوٹ مدد کے لیے فوری روانہ ہوئی اور موقع پر جاکر مصیبت زدہ عملے کو کھانا اور طبی امداد فراہم کی، بعد ازاں کشتی کو کھینچ کر مزید معاونت کے لیے گوادر بندرگاہ پہنچا دیا گیا ہے۔