ویسٹ انڈیز کے 3 کرکٹرز ، ایک نان کوچنگ سٹاف کا کرونا ٹیسٹ مثبت
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل ویسٹ انڈیز ٹیم کے تین اہم کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آگئے جس کے بعد انہیں سیریز سے باہر کر دیا گیا ہے۔ پاکستان آمد پر کھلاڑیوں کے پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد کرکٹ ویسٹ انڈیز نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹور کرنے والی سکواڈ کے 4 ممبران کے کوررونا ٹیسٹ مثبت آ گئے ہیں جن کو فوری طور پر کھلاڑیوں سے الگ کر دیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شیلڈن کوٹریل، آل راؤنڈرز روسٹن چیس اور کائل میئرز کیساتھ ساتھ ٹیم مینجمنٹ یونٹ کے ایک نان کوچنگ رکن کا ٹیسٹ مثبت آیا اور اس لیے وہ آئندہ پاکستان سیریز میں شرکت کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ چاروں ارکان مکمل طور پر ویکسین شدہ ہیں اور ان میں کوئی بڑی علامات نہیں ہیں۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے آنیوالے ٹیسٹنگ پروٹوکول نے چار افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔ تصدیق اس وقت ہوئی جب کھلاڑی اور عملہ کمرے میں تنہائی میں تھے لہٰذا ہمارے تیاری کے منصوبوں کو دھچکے کے باوجود یقین ہے کہ یہ دورہ جاری رہ سکتا ہے کیونکہ ٹور سے قبل سب کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے جو منفی نکلے تھے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گزشتہ روزٹریننگ سیشن میںحصہ لیا۔مختلف ورزشیں کی ‘مہمان کھلاڑی ہینڈ بال سے بھی لطف اندو زہوئے۔مقامی ہوٹل میں قرنطینہ کرنیوالے قومی کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے تھے جس کے بعد انہیں پریکٹس کی اجازت دی گئی تھی۔کھلاڑیوں نے گزشتہ شام سات بجے سے ساڑھے دس بجے تک نیشنل سٹیڈیم میں ٹریننگ کی تاہم کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کا رخ کرنے سے گریز کیا۔کیریبین ٹیم کو چند سٹار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں کیونکہ ایوان لوئس، شیمرون ہٹمائر، آندرے رسل اور لینڈل سمنز ذاتی وجوہات کی بنا پر دستبردار ہوئے تھے جبکہ جیسن ہولڈر کو آرام دیا گیا ہے۔فیبین ایلن ، پولارڈاور اوبیڈ میک کوئے انجری کے باعث دستیاب نہیں۔میچوں کیلئے نیشنل سٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مشتبہ افراد اور ناخوشگوار سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے کیلئے عمارتوں پر شارپ شوٹرز ڈیوٹی دے رہے ہیں، گراؤنڈ کے داخلی اور خارجی راستوں پرپولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ ہوٹل سے سٹیڈیم تک دونوں ٹیموں کو سخت سکیورٹی حصار میں پہنچانے کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے میچز کی سکیورٹی سے متعلق ڈی آئی جی مقصود احمد کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی آئی جی ایسٹ، ساؤتھ، کمانڈنٹ ایس ایس یو سمیت پاک فوج حکام، رینجرز اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی پولیس کے مجموعی طور پر 4 ہزار 550 اہلکاروں کو تعینات کیا جائیگا، اہلکاروں کو نیشنل سٹیڈیم، ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گراؤنڈزسکیورٹی پر مامور کیا جائے گا۔کراچی نیشنل سٹیڈیم میں خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس بھی تعینات کی جائے گی، جو میچ کے دوران سٹیڈیم کے گردونواح میں امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھے گی، اس کے علاوہ ایک ہزار ایس ایس یو کمانڈوز اور سکیورٹی ڈویژن کے 606اہلکار تعینات ہوں گے۔ تماشائیوں کیلئے پارکنگ پوائنٹس سے نیشنل سٹیڈیم تک شٹل بس سروس چلے گی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹیم ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پرمشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کل شام چھ بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پرمشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کل شام چھ بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے۔