• news

پی ٹی پی قانون کے مطابق چلے اور نہ لڑائی کیلئے تیار،حکومت


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی قانون کے مطابق چلے گی تو ٹھیک ہے ورنہ ان سے پہلے بھی لڑے تھے اور آئندہ بھی لڑائی کیلئے تیار ہیں۔ سانحہ اے پی ایس کے تمام ذمہ داران جہنم واصل ہوچکے ہیں۔ یہ بات فواد چوہدری نے فرخ حبیب کے ساتھ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ فواد چوہدری نے تحریک طالبان پاکستان کے حوالے سے کہا کہ ٹی ٹی پی سے بات چیت جاری ہے، ریاست کی رٹ برقرار رہے گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت الیکشن کمشن کو مضبوط کرنا چاہتی ہے، الیکشن کمشن میں بہت سی شدت پسند جماعتیں رجسٹرڈ ہیں، تحریک لبیک کی فنڈنگ کا کوئی پتا نہیں، جے یو آئی پر فارن فنڈنگ سے متعلق سنجیدہ چارجز ہیں، پیپلز پارٹی کی بھی فارن فنڈنگ کا کوئی جواب نہیں ۔ وزیراعلی سندھ کو دھمکیاں دینے سے گریز کرنا چاہیے۔ اسی طرح ن لیگ کے ایک بھی ڈونر کا ریکارڈ موجود نہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمشن میں تمام ریکارڈ جمع کرایا اور اس ضمن میں 22 والیم جمع کرائے جب کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے آج تک فارن فنڈنگ میں کوئی ریکارڈ جمع نہیں کرایا، دونوں جماعتوں نے درجنوں اکاؤنٹس کو چھپایا۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ گوادرکے عوام کے مسائل گزشتہ حکومتوں نے حل نہیں کئے۔ فارن فنڈنگ کیس پر ویسے کام نہیں ہو رہا جیسے ہونا چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں کے کھاتے عوام کے سامنے آنے چاہئیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کے مسائل ضرور حل کرے گی جبکہ گوادر میں بجلی، پانی اور گیس کے مسائل کا احساس ہے، موجودہ حکومت مسائل کے حل کیلئے تیار ہے۔ وزیراعظم نے مسائل کے حل کیلئے بلوچستان کی حکومت سے بات کی ہے، رواں ہفتے بلوچستان کیلئے سب سے بڑا پیکج لا رہے ہیں۔ خیبر پی کے میں ن لیگ کا کبھی احتساب ہی نہیں ہوا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے نام پر ایک گھر ہے۔ مسلم لیگ ن کے پنجاب کے دفتر کا 2013ء سے 2015ء تک آڈٹ ہی نہیں ہوا۔ خوشی ہے پنجاب حکومت نے ایک اچھا بلدیاتی نظام بنایا ہے۔ نواز شریف نے 2013ء میں پاکستان کو 10 کروڑ روپے کی ڈونیشن دی۔ پنجاب میں براہ راست ضلعی میئر منتخب ہوں گے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمشن میں تمام ریکارڈ جمع کرایا ہے۔ سکروٹنی کمیٹی نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے فنڈز کی سکروٹنی نہیں کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جو زبان استعمال کی وہ مناسب نہیں تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہمیشہ دھمکی دیتے ہیں۔ سندھ حکومت کا بیان آرٹیکل 144 کی خلاف ورزی ہے۔ دو ماہ میں ای وی ایم مشینیں دستیاب ہو سکتی ہیں۔ الیکشن کمشن ای وی ایم کے معاملے میں سنجیدگی سے آگے بڑھے۔فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمشن میں فارن فنڈنگ مقدمات پر مناسب پیشرفت نہیں ہورہی۔ سیاسی پارٹیوں کی طرف سے فنڈنگ کے معاملات سامنے آنے چاہئیں۔ الیکشن کمشن کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ الیکشن کمشن سنجیدگی سے آگے بڑھے، انتخابات 100 فیصد ووٹنگ مشین پر ہوسکتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کا 2009ء تک کا ریکارڈ موجود نہیں۔ حسین حقانی نے پیپلزپارٹی کیلئے امریکہ میں فنڈ ریزنگ کی۔ حسین حقانی نے جو فنڈز اکٹھے کئے ان کا حساب نہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن پہلے مرحلے میں تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کا ریکارڈ ایک ساتھ  عوام کے سامنے رکھے،  پیپلز پارٹی کا الیکشن لڑنا تو دور کی بات ہے پنجاب میں ان کا ٹکٹ لینے کے لئے بھی کوئی تیار نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن