وزیراعلی سندھ کی تقریر آئین کے منافی:اسد عمر:کراچی سٹیک ہولڈرز اجلاس میں بلدیاتی قانون مسترد
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں پی ٹی آئی کی جانب سے سٹیک ہولڈرز کی آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پاک سرزمین اور مسلم لیگ (ن) کے علاوہ سندھ کی تمام اپوزیشن کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے کی گئی تقریر سے صوبائی خودمختاری کی بات نہیں بلکہ آئین کی خلاف ورزی ہوئی ہے، ہم اس مسئلے پر قومی اسمبلی اور سینٹ میں بھی آواز اٹھائیں گے اور سندھ کے عوام کی بہتری کیلئے تمام آپشن استعمال کرینگے۔ اسد عمر نے سندھ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں اب سندھ کے عوام کیلئے فیصلے کا وقت ہے، آئین کے مطابق سندھ کے شہروں کے جو اختیارات چاہئیں اس کیلئے اب انتظار کرنے کو تیار نہیں۔ تقریب سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کے مسائل مقامی حکومتوں میں ہی حل ہوسکتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ میں بھی میئر کو اختیارات دیئے جائیں۔ انہوں نے سندھ حکومت کو خبردار کیا کہ اگر سیاسی مقاصد لیکرچلیں گے تو کامیاب نہیں ہوسکتے۔ مقامی حکومتوں کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ ہم نے آج لائحہ عمل بنانا ہے جب تک عوام بااختیار نہیں ہو گی ملک کے بنیادی مسائل حل نہیں ہونگے۔ چہرے نہیں نظام کو بدلنا ہوگا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ صوبے کے حالات بہتر نہیں حکمران امیر ہو رہے ہیں۔ چاہتے ہیں منتخب نمائندہ عوامی مسائل حل کرے۔ وسیم اختر نے بلدیاتی ترمیمی بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی والے شاطر ہیں اور یہ عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ قبل ازیں کراچی کے تمام سٹیک ہولڈرز کی بیٹھک میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ سٹیک ہولڈرز نے بلدیاتی ترمیمی بل نامنظور کر دیا۔ اسد عمر اور دیگر رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد میں سندھ کا بلدیاتی قانون آئین کی اصل روح کے متصادم قرار دیا ہے۔ مشترکہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی حکومت کو بااختیار بنایا جائے، بلدیاتی اداروں کو تحفظ دیں۔ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ‘ بی سی اے‘ ٹرانسپورٹ میئر کے ماتحت کئے جائیں۔ پندرہ سال سے پی ایف سی کا انعقاد نہیں کیا گیا۔ صوبائی مالیاتی کمشن ایوارڈ کا فوری اعلان کیا جائے۔ جمع ہونے والے ٹیکس کی وصولی کا حق مقامی کونسلز کو ہونا چاہئے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر کا انتخاب براہ راست ہونا چاہئے۔