• news

فیصل آباد :مہنگائی سے عوام بدحال، تحریک انصاف سیاسی طور پر ختم ہو چکی: رانا ثناء

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان ٹولہ ملک اور قوم کے لئے کارآمد نہیں۔ اُن کی ای وی ایم سمیت کوئی کارڈ اور مشین کارآمد نہیں ہو سکتی ۔ ساڑھے تین برس میں حکومت نے ساڑھے تین سو فیصد مہنگائی کر کے عوام اور ملک کو بدحال کیا ہے۔ کوئی ایک بھی ایسا کارنامہ نہیں جسے سراہا جا سکے۔ عام انتخابات میں عوام مسلم لیگ ن کو پنجاب سمیت ملک بھر سے  کامیابی کا سرپرائز دیں  گے۔ پی ٹی آئی سیاسی طور پر ختم ہو چکی ہے۔ 14ضمنی الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ ن کو 12نشستوں سے منتخب کر کے واضح کر دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ اب وقت بہت قریب ہے میاں نوازشریف واپس آئیں گے اُن سمیت مریم نواز اور دیگر ارکان اپنے خلاف بنائے گئے مقدمات سے بھی سرخرو ہوں گے۔ جبکہ عمران خان کا اپنی جماعت سمیت سیاسی طور پر خاتمہ ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ لاہورکے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی سمیت انٹی نواز شریف ووٹ ملا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومتی ارکان اسمبلی عوام سے شرمندہ ہیں۔ وہ عام انتخابات میں کس منہ سے عوام کے پاس جائیں گے۔ دریں اثنا مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ضلعی ناظم قاری محمد ارشد، ترجمان خالد محمود اعظم آبادی، رانا کلیم اللہ، ڈاکٹر محمد شکیل، حافظ محمد ذیشان سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک پر اس وقت نااہل قیادت مسلط ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان (ن) لیگ کی اتحادی جماعت ہے جنہوں نے ہر مشکل کی گھڑی میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن