جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا 16دسمبر کو پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کا اعلان
اسلام آباد(نا مہ نگار) اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں کے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے تعلیمی ادارے لوکل گورنمنٹ کے تحت کر نے کے خلاف 16دسمبر کو ایک بار پھر پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے بھر پور احتجاج کا اعلان کر دیا ہے جبکہ کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل بھی جاری رکھا جائے گا ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن ایکشن کمیٹی کا اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں ہوا،اجلاس میںکمیٹی کے "تدریسی عمل" شروع کرنے کے فیصلے کی مکمل اتفاق رائے سے توثیق کی گئی جبکہ اتفاق رائے سے یہ طے کیا گیا کہ ایجوکیشن کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ لیٹر کو مسترد کرتے ہیں۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے 33اداروں کا لیٹر جاری کر کے واپس لیا گیاہے کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ منظور کیا گیا کہ تمام اسکولز و کالجز کے باہر احتجاجی بینر لگے رہیں گے اور تمام اسٹاف لازمی طور پر کالی پٹیاں باندھ کے احتجاج جاری رکھے گا جبکہ 16دسمبر 2021بروز جمعرات تدریسی عمل مکمل کرنے کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔