آسٹریلیا سمیت تمام ممالک کو پاکستان میں کھیلنا چاہئے : خواجہ ندیم احمد
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ‘ آسٹریلیا سمیت کرکٹ کھیلنے والے تمام ممالک کو بلا خوف و خطر یہاں آ کر میچز کھیلنے چاہییں۔ گذشتہ کئی برسوں سے ملک میں پاکستان سپر لیگ کے میچز ہو رہے ہیں اور اس دوران کئی غیر ملکی ٹیمیں بھی کھیل کر گئی ہیں۔ پاکستان میں مکمل امن کی بحالی میں افواجِ پاکستان، حساس اداروں، رینجرز، پولیس نے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ امن بحال ہونے کے بعد اب کوئی وجہ نہیں کہ کوئی پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے۔ یہ دورہ بھی پاکستان میں امن و امان کی بہتر صورت حال کی وجہ سے ہی ہو رہا ہے۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی طرف سے معمول کے دورے ختم کرنے کا فیصلہ غلط تھا۔ پاکستان میں کروڑوں شائقینِ کرکٹ دنیا ہی بہترین ٹیموں کو اپنے میدانوں پر کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ برسوں ہمارے لوگ ہوم کرکٹ سے محروم رہے ہیں۔ اب اس محرومی کے ختم ہونے کا وقت ہے۔ دنیا کو یہاں آ کر کھیلنا چاہیے۔ پاکستان کے لوگ بہترین مہمان نواز اور کھیل سے محبت کرتے ہیں۔ غیر ملکی کرکٹرز یہاں کھیل کر لطف اندوز ہوں گے۔