اسلام آباد: پی آئی اے طیارہ اڑتے ہی جھٹکے لینے لگا‘ مسافروں کی چیخیں‘ ہنگامی لینڈنگ
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) قومی ایئر لائن پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی کی گزشتہ روز صبح 10 بجے روانہ ہونے والی پرواز نے 2 گھنٹے تاخیر سے پرواز بھری تو طیارے نے فضا میں شدید جھٹکے لینا شروع کردیے جس سے مسافروں کی چیخیں نکل گئی۔ 20منٹ کی پرواز کے بعد طیارے کو واپس اسلام آباد ائیر پورٹ پر اتار لیاگیا، جس کے بعد پرواز 301 کے طیارے میں خطرناک آوازوں کے باعث مسافروں نے سفر سے انکار کردیا۔ 8 گھنٹے کے بعد پرواز طیارے میں موجود 168مسافروں میں سے صرف 6 کو لیکر کراچی روانہ ہوئی، 162مسافر اسی طیارے میں جانے پر رضامند نہ ہوئے۔ انتظامیہ نے اے سی بند ہونے کے باعث شدید حبس میں مسافروں کو طیارے میں بٹھائے رکھا جس سے مسافروں اور بچوں کی حالت غیر ہوگئی۔ مسافروں کا کہنا تھا پی آئی اے عملہ بورڈنگ کارڈ واپس کر رہا تھا نہ طیارے سے اترنے دے رہا تھا۔ مسافروں کے احتجاج پر اے ایس ایف اہلکار طیارے میں آئے۔ مسافروں کو خاموشی سے بیٹھے رہنے کی تنبیہہ کرتے رہے، 6 بجے کے قریب مسافروں کے شدید احتجاج کے بعد طیارے کا دروازہ کھول دیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز پی کے 301 کے 70 مسافر طیارے سے اتر گئے، باقی 54 مسافروں کیلئے متبادل پرواز 309 کا انتظام کیا گیا۔
طیارہ/ جھٹکے