سانحہ سیا لکوٹ ، مزید 18ملزم انسداد دہشتگردی عدالت پیش ،15روزہ ریمانڈ
سیالکوٹ/ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) سانحہ سیالکوٹ میں ملوث مزید 18افراد کا 15روزکا ریمانڈ حاصل کر لیا گیا۔ مقامی گارمنٹس فیکٹری میں کام کرنے والے جنرل منیجر پریانتھا کمارا جن کا تعلق سری لنکا سے تھا کو وحشیانہ انداز میں قتل کرکے نعش کو آگ لگانے کے واقعہ میں ملوث مزید 18افراد کو گزشتہ روز گوجوانوالہ کی دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرکے ان کا پندرہ روز کا ریمانڈ حاصل کر لیا گیا۔ اس طرح پولیس نے اب تک 52افراد کا ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تفتیش کی جا رہی ہے اور اگر مزید کسی کا ریمانڈ درکار ہوا تو ان کا بھی ریمانڈ لیا جائے گا۔ 18 گرفتار افراد کو اٹھائیس دسمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ ملزمان کو سخت سکیورٹی میں سیالکوٹ سے گوجرانوالہ لایا گیا۔ پولیس نے ہتھکڑیاں لگا کر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ پولیس نے عدالت سے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ فاضل جج نے سانحہ میں ملوث 34 ملزمان کو پہلے سے ہی جسمانی ریمانڈ دیکر پولیس کے حوالے کر رکھا ہے‘ پیش ہونے والے ملزمان میں سعید‘ ساجد‘ قاسم‘ محمود‘ شیراز‘ جواد‘ علی حیدر‘ علی اصغر‘ غلام غوث‘ زاہد‘ علی حسنین‘ فیصل‘ ضیغم‘ ابوبکر‘ ہارون‘ زین علی‘ احمد اور ابوطلحہ شامل ہیں۔