• news

صدر عارف علوی کی  لاہور آمد‘ گورنر پنجاب سے ملاقات‘ صوبے کی صورتحال پر گفتگو  

اسلام آباد/لاہور (نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی صوبائی دارالحکومت لاہور کے دورہ کے دوران پیر کو گورنر ہائوس گئے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت کا گورنر ہائوس لاہور آمد پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے استقبال کیا۔ بعد ازاں صدر ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر پنجاب نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دریں اثناء بلوچستان ریذیڈنشل کالج خضدار کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر  عارف علوی نے  زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، بلوچستان کے طالب علم جدید تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مہارتیں حاصل کرکے ملک وقوم  کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔  صدر عارف علوی نے کہا کہ طلباء خود کو جدید علم اور آئی ٹی مہارت سے لیس کرکے ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی پر خصوصی  توجہ دے رہی ہے ، بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان کی ترقی کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ریذیڈنشل کالجز  صوبے کی تعلیمی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ صدر نے نیشنل سکل یونیورسٹی اسلام آباد کی سینٹ کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔  عارف علوی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے  اور  مارکیٹ ضروریات کے مطابق افرادی قوت  پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ مارکیٹ کی بڑھتی ضروریات پوری کرنے کیلئے جامعات زیادہ تعداد میں ہنرمند طلباء تیار کریں۔ وائس چانسلر نیشنل سکل یونیورسٹی  پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے اجلاس کو یونیورسٹی پر بریفنگ دی۔ 

ای پیپر-دی نیشن