• news

حکومت نے عوام کو جینا  محال کر دیا، کبھی ایسی قیامت خیز مہنگائی نہیں ہوئی: شہباز شریف

 لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت میں شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرا دی گئی۔ دریں اثناء احتساب عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف آشیانہ ریفرنس کی سماعت کی مزید کارروائی 20دسمبر تک ملتوی کر دی۔ شہباز شریف، احد چیمہ سمیت دیگر ملزم پیش ہوئے۔  نیب نے شہباز شریف کے شریک ملزم کی بریت کی درخواست پر ایک بار پھر جواب جمع نہ کرایا اور مہلت مانگ لی۔ دوسری طرف احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں نیب پراسیکیوٹر نے مفرور ملزم کامران کیانی اور ندیم ضیاء کی جائیداد کا ریکارڈ جمع کرا دیا۔ عدالت سے جائیدادیں بحق سرکار ضبط کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ احتساب عدالت کے باہر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس سے پہلے اتنی قیامت خیز مہنگائی نہیں ہوئی جو اس وقت ہے‘ انہوں نے ہر گھر کو تباہ حال کر دیا ہے۔ عوام آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا اٹھا کر ان کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔ حکومت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ وہ دو وقت کی روٹی کو ترستے ہیں۔ ادویات کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ بچوں کے دودھ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ پوری قوم ایسی صورتحال میں ہے جس سے خوف آتا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن