کراچی کو رکا دورہ: رینجرز کے اقدامات سے دہشتگردی جرائم، میں کمی ہو ئی : جنرل با جوہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قیام امن کیلئے فارمیشن اور سندھ رینجرز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز کے اقدامات سے دہشت گردی و جرائم میں کمی ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کورہیڈکوارٹرز کراچی کے دورے پر پہنچے تو کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے استقبال کیا۔ آرمی چیف کو فارمیشن کے آپریشنل امور اور صوبے بالخصوص کراچی کی سکیورٹی اور ٹرانسفارمیشن سمیت دیگر منصوبوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ کراچی میں سوک سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے کراچی کور کی آپریشنل تیاریوں اور سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی ٹرانسفارمیشن پلان کے نفاذ میں سٹیک ہولڈرز کی ہم آہنگی کو سراہا۔ آرمی چیف نے سندھ پولیس ہیڈکوارٹرز کا دورہ کر کے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے صوبے میں سکیورٹی میں بہتری کیلئے پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے سندھ پولیس کے شہدا کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی۔ آرمی چیف نے سندھ پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔