پی پی 206 خانیوال‘ ضمنی الیکشن کیلئے انتظامات مکمل‘ خصوصی کنٹرول روم قائم
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) حلقہ پی پی 206 خانیوال میں ضمنی انتخاب 16 دسمبر 2021کو ہو گا۔ انتخابی عمل کو صاف، شفاف، پرامن اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے حوالے سے الیکشن کمشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ۔ تفصیلات کے مطابق پریذائیڈنگ آفیسر ریٹرننگ آفیسر سے پولنگ بیگ وصول کرے گا۔ پولیس کے ساتھ پاکستان رینجرز کے اہلکاران پریذائیڈنگ افسران کو سکیورٹی فراہم کریں گے اور انتخابی عمل کے مکمل ہونے تک پولنگ سٹاف کے ہمراہ رہیں گے۔ حلقے میں قائم تمام 183 پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس اور پاکستان رینجرز لاء اینڈ آرڈر کو یقینی بنانے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پولنگ کے دن فارم 45 کی تصویر کھنچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے۔ مزید وہ پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45 کی تصویر لیں گے اور فوراً ریٹرننگ افسر کو وائٹس ایپ (WhatsApp)پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بھیجیں گے۔ انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں پریذائیڈنگ افسر فوراً ریٹرنگ افسر کے دفتر پہنچ کر فارم 45 کی اصل کاپی ریٹرننگ افسر کے حوالے کریں گے۔ ہر پریذائیڈنگ افسر فارم 45 کی اوریجنل کاپی بمع Snapshot بشمول Forensic details ریٹرننگ افسر کو دکھائے گا جس میں وقت اور لوکیشن معلوم ہو۔ ریٹرننگ افسر تصویر اور لوکیشن کی تفصیلات کا جائزہ لے گا۔ وائرس کے حالیہ پھیلاؤ میں اضافے کے پیش نظر انتخابی میٹریل پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کرتے وقت‘ پولنگ کے دن ووٹنگ کے عمل کے دوران اور ریٹرننگ افسر کے دفتر میں نتائج وصولی کے وقت سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے اور دیگر SOPs پر عمل کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے الیکشن کے دن کسی بھی نوعیت کی شکایت کو نمٹانے کے حوالے سے سنٹرل اور صوبائی سطح پر الگ الگ کنٹرول روم قائم کر دیئے ہیں۔