چینی فنڈز سے افغان وزارت انصاف میں 2 کنوؤں‘ مسجد کی تعمیر شروع
کابل (اے پی پی) افغانستان کی وزارت انصاف میں چینی فنڈز کی مدد سے 2کنوئوں اور مسجد کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر افغانستان کی طالبان حکومت نے چین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اس منصوبے کا افتتاح چینی اور افغان حکام نے گزشتہ روز کیا۔ افغانستان میں چین کے سفیر وانگ یو نے کہا کہ چین اور افغانستان پہاڑوں اور دریاں سے جڑے ہوئے بہت قریبی پڑوسی ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کو دیرپا دوستانہ تبادلوں پر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوستی، خلوص، باہمی فائدے اور شمولیت کے اصول کے مطابق چین ہمیشہ افغانستان کے ساتھ دوستی اور شراکت داری قائم کرنے کی سفارتی پالیسی پر کاربند رہا ہے اور ایک دوسرے کی حمایت کے لیے ایک ساتھ کھڑا رہا ہے۔ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ امارت اسلامی افغانستان مدد کرنے اور افغانستان کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کی یقین دہانی پر چین کا شکرگزار ہے۔ افغان انتظامیہ چینی سفارتکاروں اور سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔