نیوی انجینئرنگ کالج کا کانووکیشن: طلباء میں ڈگریاں‘ میڈلز تقسیم
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج (PNEC)کے 33ویں کانووکیشن کی تقریب کراچی میں ہوئی۔ ترجمان نیوی کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ نیول چیف نے 317گریجویٹس میں پی ایچ ڈی، ماسٹرز اور بیچلرز کی ڈگریاں تقسیم کیں جبکہ مختلف تعلیمی شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کو 34 میڈلز سے بھی نوازا گیا۔ امیر البحر نے پاک بحریہ کے افسران کو علاقائی اور بین الاقوامی بحری افواج کے مساوی تربیت دینے کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے گریجوایشن کرنے والے طلبا کو تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی پر اعزازات اور امتیازی پوزیشنز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ کمانڈنٹ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کموڈور کامران احمد نے خطبہ استقبالیہ کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج انجینئرنگ کے شعبے میں معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ تقریب میں دفاعی افواج کے حکام، سول اداروں کی نمائندگان اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے والدین نے شرکت کی۔