• news

لاہور مختلف واقعات میں 2 خواتین سمیت 3 افراد قتل ، تحقیقات شروع 

لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں دو خواتین سمیت تین افراد کو قتل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا کے علاقے ماڈل کالونی میں رہائش پذیر اسلم کی بیوی ناصرہ گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی۔ ناصرہ اور اس کی بہن عطیہ کی ایک ہی گھر میں دو بھائیوں سے شادی ہوئی تھی۔ اہلخانہ کے مطابق اسے اس کے خاوند نے قتل کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی کے دوران اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا ، پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔دریں اثناء  مناواں میں پسند کی شادی کرنے پر بھائی نے بہن کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہوگیا ہے۔ 30 سالہ بیوہ خاتون شبانہ نے الیاس نامی شخص سے اپنی مرضی سے دوسری شادی کی تھی، مقتولہ کے بھائی سیف اللہ نے دوسری شادی کرنے پر بہن شبانہ کو چہرے پر فائر مار کر قتل کیا، پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شفیق آباد میں گھر سے تاجر سجاد کی نعش ملی ہے۔ پولیس نے لاش تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ متوفی سجاد نے سمن آباد میں شوروم بنا رکھا تھا۔ پولیس کے مطابق لاش چند روز پرانی ہے۔ پولیس نے نعش مردہ خانے منتقل کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن