سعودی‘ پاک فوج کی انسداد آئی ای ڈی مشق کی افتتاحی تقریب
راولپنڈی (اے پی پی) رائل لینڈ سعودی فورسز اور پاکستان آرمی کے درمیان انسداد آئی ای ڈی کی مشترکہ فوجی مشق کی افتتاحی تقریب کنگ خالد ملٹری سٹی حفر الباطن، سعودی عرب میں ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق رائل لینڈ سعودی فورسز اور پاکستان آرمی کے دستے انسداد آئی ای ڈی آپریشنز میں مختلف مشقیں کریں گے جن میں راستوں کی تلاش، کمپائونڈ کلیئرنس، گاڑیوں کی کلیئرنس، دھماکہ خیز مواد سے نمٹنے اور دھماکہ خیز آرڈیننس ڈسپوزل (ای او ڈی) مشقیں اور طریقہ کار شامل ہیں۔ یہ دونوں برادر ممالک کے درمیان الکساح سیریز کی تیسری مشترکہ فوجی مشق ہے۔ تربیت کا مقصد انسداد آئی ای ڈی کے شعبہ میں دھماکہ خیز آرڈیننس ڈسپوزل کی مہارتوں کو بڑھانا اور بہترین طریقوں کو اپنانا ہے۔ تقریب میں کمانڈر ناردرن ایریا میجر جنرل صالح بن احمد الزہرانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔