آئی سی سی نے نومبر کے بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا
لاہور( سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے نومبر کے مہینے کے بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کو نومبر کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا ہے، جب کہ ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز بہترین خاتون کرکٹر قرار پائی ہیں۔ڈیوڈ وارنر کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل اور سیمی فائنل میں عمدہ اور میچ وننگ کارکردگی پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔ وارنر نے پاکستانی اوپنر عابد علی اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم ساتھی کو پیچھے چھوڑ کر ایوارڈ حاصل کیا ہے۔شان دار کارکردگی کی ایک سیریز کے بعد ڈیوڈ وارنر ورلڈ کپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے، جس کی وجہ سے آسٹریلیا کو ٹائٹل جیتنے میں مدد ملی۔مجموعی طور پر وارنر نے 7 میچز میں 48.16 کی اوسط اور 146.70 کے اسٹرائیک ریٹ سے 289 رنز بنائے۔ جب کہ ان میں سے چار میچز ایوارڈ کے لیے زیر غور مدت کے درمیان کھیلے گئے، جس کے دوران انھوں نے 151.44 کے شان دار اسٹرائیک ریٹ سے 209 رنز بنائے۔انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں نصف سنچری بنائی، پاکستان کے خلاف سیمی فائنل میں اہم ترین 49 رنز بنائے، اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سپر 12 کے مقابلے میں ناقابل شکست 89 رنز بنائے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔