پاکستان میں مہنگائی بڑھے گی، ایشیائی بنک
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایشیائی ترقیاتی بنک کو پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے۔ بجلی اور دنیا میں اشیاء مہنگی ہونے سے مہنگائی بڑھے گی۔ اے ڈی بی کے مطابق جنوبی ایشیائی ممالک کی شرح نمو کم ہو گئی جو ستمبر 2021ء کے مقابلے میں 8.8 سے کم ہو کر 8.6 فیصد ہو گئی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے صوبہ پنجاب میں آبپاشی کے منصوبوں کے لئے 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔ اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی و مغربی ایشیا یوگینی زکوف نے بتایا کہ بینک نے پنجاب میں مستقبل میں غذائی قلت پر قابو پانے اور زرعی پیداوار بڑھانے کی خاطر 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی ہے۔ قرض کی یہ رقم آبپاشی کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، منصوبے کے تحت پنجاب کی 7 لاکھ 4 ہزار ایکڑ زمین کو سیراب کیا جائے گا۔ بھکر، جھنگ، خوشاب، لیہ اور مظفرگڑھ شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے پاکستان کو خطرے کے پیش نظر آب و ہوا کے لیے لچکدار اور پائیدار زراعت کے لیے آبپاشی کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ضروری ہے۔ اے ڈی بی کی مدد سے مقامی پیداوار بڑھانے اور غذائی تحفظ کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔