سندھ میں پانی کی قلت بڑا مسئلہ ، بلاول ، بہت چیلنجز کا سامنا
دبئی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دبئی میں سندھ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ شیخ النہیان نے ہمیشہ پاکستان اور سندھ کی مدد کی ہے۔ پاکستان کے عوام ہمیشہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گولڈن جوبلی پر یو اے ای کو مبارکباد دیتے ہیں۔ پاکستان اور یو اے ای کے عوام کا رشتہ تاریخی ہے۔ پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے بہترین مواقع ہیں۔ پاکستان میں مقامی پیداوار کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کیلئے کام کر رہے ہیں۔ کانفرنس کے موقع پر 6 ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کراچی کو اس وقت پانی کی کمی کا بڑا مسئلہ ہے۔ ویسٹ انرجی کے ایم او یو پر دستخط کئے ہیں۔ سٹارٹ اپ اور چھوٹے کاروبار سے متعلق ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ نجی شعبے کو پانی صاف کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی کی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ سب کو دعوت دیتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دبئی میں سندھ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ سندھ کو بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا۔ اب کراچی دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شامل ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے متعدد ترقیاتی پراجیکٹ مکمل ہوئے ہیں۔دریں اثناء اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور یو اے ای کے وزیر شیخ النہیان کی موجودگی میں 6 ایم او یوز پر دستخط کر دیئے گئے۔ سندھ انویسٹمنٹ کانفرنس میں کچرے سے توانائی کے منصوبوں کے ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ تین ایم او یوز سندھ حکومت اور پاکستان بزنس کونسل دبئی کے درمیان ہوئے۔