• news

کا بینہ نے یو نیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر عملدرآمد کی منظوری دیدی 

 لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک اور انسان دوست اقدام کرتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے صوابدیدی فنڈز وقف کر دیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر لیور ٹرانسپلانٹ، بون میرو اور دیگر امراض میں مبتلا 6 مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 96 لاکھ 44 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دئیے گئے۔ منڈی بہاؤالدین کی رہائشی زاہدہ حماد کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کیلئے 15 لاکھ روپے کے فنڈزفراہم کردئیے گئے۔  عثمان بزدار نے کہاکہ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا ایک عبادت ہے۔ جہاں تک ممکن ہوا مستحق مریضوں کے علاج کیلئے تعاون کریں گے۔ جب تک اللہ تعالیٰ نے منصب دیا ہے، دکھی انسانیت کے دکھ بانٹتا رہوں گا اور آئندہ بھی ایسے کام کریں گے جس سے دکھی انسانیت کا بھلا ہو۔ صدر عارف علوی سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں نے پنجاب میں جاری فلاحی و ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ صدر نے پنجاب کے فلاحی منصوبوں کی تعریف کی۔ عثمان بزدار سے وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سید طارق محمودالحسن نے ملاقات کی۔ کمیشن پنجاب کی کارکردگی سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو آگاہ کیا۔ عثمان بزدارنے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ بیرون ملک بسنے والے پاکستان کے سفیر ہیں جن کو تحریک انصاف کی حکومت نے ووٹ کا حق دیا ہے۔ ماضی کی ہر حکومت نے اوورسیز پاکستانیز کے نام پر سیاست چمکائی اور سابق حکومتوں نے اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کو یکسر فراموش کئے رکھا۔ عثمان بزدار نے راولپنڈی کے علاقے سی ڈی اے چوک کے قریب پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عثمان بزدار سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڑ کی رہائش گاہ گئے اور ان کے والد خضر حیات تارڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت  پنجاب کابینہ  اجلاس میں پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی۔ نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجراء جنوری سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ  نے  کہا کہ نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجراء جنوری کے آغاز میں لاہور ڈویژن سے کیا جائے گا۔ 31مارچ تک نیا پاکستان صحت کارڈ راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور،گوجرانوالہ اور سرگودھا ڈویژن میں بھی لانچ کر دیا جائے گا۔ کابینہ نے نیا پاکستان صحت کارڈ پر کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور خاندان کے سربراہ کا نام کنندہ کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے پنجاب ہیلتھ اینشیٹو مینجمنٹ کمپنی اور سٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان معاہدے صحت کارڈ کے فارمیٹ اور ڈیزائن کی بھی منظوری دے دی۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر 3برس میں تقریباً 400ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز فلاحی اقدام ہے۔ پنجاب کابینہ نے صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اورکاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے ایک اورانقلابی اقدام این او سیز کے اجراء  کو آسان بنانے کے لئے زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ اپ پالیسی 2021 کے مسودے ‘سکندر یہ کالونی، سوڈیوال لاہور میں 34 کنال اراضی پر سٹیٹ آف دی آرٹ گرلز کالج کے قیام  -ویسٹ پاکستان بورڈ آف ریونیو(کنڈکٹ آف اپیلز اینڈ ریویزنز) رولز 1959میں ترامیم کی منظوری دی گئی-ترامیم کی منظوری سے بورڈ آف ریونیو میں کیسوں کافیصلہ 180دن میں کرنا لازم ہوگا-ویسٹ پاکستان بورڈ آف ریونیو(کنڈکٹ آف میٹنگز) رولز 1959میں ترامیم کی منظوری دی گئی-پنجاب سیڈ کارپوریشن میں کارپوریٹ گورننس اصلاحات متعارف کرانے کافیصلہ کیا گیا-پنجاب سیڈ کارپوریشن میں کارپوریٹ گورننس اصلاحات متعارف کرانے کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن ایکٹ 1976 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ ترامیم کے بعد کارپوریشن کے بورڈ ممبرز کی تعداد 9 سے بڑھا کر 16کر دی جائے گی۔ گاڑیو ں کے پر کشش نمبروں کی الاٹمنٹ کے لئے ای آکشن پالیسی کو مزید موثر بنانے کی منظوری دی گئی-پرکشش نمبروں کی الاٹمنٹ کے لئے فہرست میں مزید نمبروں کا اضافہ کیاجائے گا-گندم ریلیز پالیسی 2021-22 کی منظوری دی گئی-پرائس کنٹرول کرنے اور منافع خوری و ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کے لئے 1977کے ایکٹ کو اختیار کرنے اورپرائس کنٹرول اینڈ پریونشن آف پرافٹٹرینگ اینڈ ہورڈنگ ایکٹ 2021 کے مسودے کی منظوری دی گئی-
لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کابینہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ نے پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر عملدرآمد کی منظوری دی  ہے۔  انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر پنجاب کابینہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر عملدرآمد کرنے پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ حسان خاور نے بتایا کہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میںگندم ریلیز پالیسی 2021-22، پرائس کنٹرول کرنے اور منافع خوری و ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کے لئے 1977 کے ایکٹ کو اختیار کرنے، پرائس کنٹرول اینڈ پریونشن آف پرافٹٹرینگ اینڈ ہورڈنگ ایکٹ 2021 کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن