• news

جماعت اسلامی بھرپور طریقہ سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے گی: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جمہوریت کی دعوے دار حکمران جماعتوں نے ملک میں بلدیاتی اداروں کو مضبوط نہیں ہونے دیا۔ حکمران اشرافیہ کبھی یہ نہیں چاہتی کہ اقتدار کی نچلی سطح تک منتقل ہو اور عوام کے دیرینہ مسائل حل ہوں۔ جاگیردار اور وڈیرے ملک کے وسائل پر سانپ بن کر بیٹھے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے سب سے بڑا فراڈ کیا۔ ساڑھے تین سالوں میں ادارے تباہ، معیشت کا بیڑہ غرق ہو گیا۔ سیاسی جماعتوں نے وقت بے وقت بلدیاتی اداروں کو مختلف تجربات کی بھینٹ چڑھایا، ڈکٹیٹروں نے انہیں اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا۔ سول حکومتیں برائے نام بلدیاتی ادارے چاہتی ہیں۔ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آتے ہی جو کام سب سے پہلے کیا وہ بلدیاتی نظام کا گلا گھونٹنا تھا۔ 22کروڑ عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ عوام ہی کو اپنے حق کے لیے آواز اٹھانا ہو گی۔ نوجوان آگے بڑھیں اور جماعت اسلامی کی پرامن سیاسی جدوجہد میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں بھرپور طریقے سے بلدیاتی الیکشن میںحصہ لے گی۔ ہماری منزل پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور امیدواروں سے ملاقات کے دوران کیا۔

ای پیپر-دی نیشن