کراچی میں کچرا پھینکنے اور گٹر کی صفائی کے مسئلے پر لڑکی قتل
کراچی (نیٹ نیوز) نیو کراچی سیکٹر فائیو جے میں چھری کے پے در پے وارکرکے نوجوان لڑکی کو قتل کردیاگیا۔ بلال کالونی تھانے کے علاقے نیوکراچی سیکٹر فائیو جے کے قریب چھری کے پے در پے وار سے نوجوان لڑکی کو قتل کردیا گیا۔ مقتولہ کی شناخت 25 سالہ صباء کے نام سے کر لی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور اہل محلہ کے بیانات قلمبند کرکے تفتیش شروع کر دی۔ ایس ایچ اوبلال کالونی نواز بروھی نے بتایا کہ صبا کواس کے محلے دارغضنفر نامی ملزم نے چھری کے پے در پے وار کرکے قتل کیا ہے، مقتولہ لڑکی نے گلشن معمار تھانے میں ایک مقدمہ درج کرا رکھا ہے جس کی پیروی کے لیے مقتولہ گھر سے سٹی کورٹ جانے کے لیے نکلی تھی، گھر سے چند قدم کے فاصلے پر ہی ملزم غضنفر کھڑا تھا جس نے لڑکی کو آتے دیکھ کر اس پر چھری سے حملہ کردیا اور قتل کرنے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔