سپریم کورٹ: ادکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کی امارات سے واپسی کے اقدامات پر رپورٹ طلب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کی بیرون ملک سمگلنگ سے متعلق کیس میں دفتر خارجہ سے متحدہ عرب امارات سے بچیوں کے واپسی سے متعلق اقداماتی رپورٹ طلب کر لی۔ منگل کو جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ انٹرپول سے ملزم عمر فاروق کے ریڈ اور یلیو وارنٹ ایشو کروائے۔ اس دوران جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دیے کہ بچیوں کی حوالگی سے متعلق ہماری عدالت کا فیصلہ پہلے آیا۔ یو اے ای کی عدالت نے ہمارے فیصلہ کے بعد فیصلہ دیا۔ جسٹس قاضی امین نے اس موقع پر ریمارکس دیئے کہ یو اے ای کو ہمارے فیصلہ کا اطلاق کرنا پڑے گا۔ بچیوں کی واپسی کا معاملہ بیوروکریٹک انداز سے حل نہیں ہوگا۔ وزارت خارجہ کو یہ معاملہ دونوں ممالک کی سطح پر اٹھانا ہوگا۔ بچیاں یو اے ای سے واپس لائی جائیں، ملزم عمر فاروق کے بیرون ممالک اثاثے اکائونٹس منجمد کروائیں۔