اسد عمر کی جاپان کے سفیر سے ملاقات‘ دو طرفہ تعلقات‘ سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں جاپان کے نئے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نے مختلف شعبوں کے ساتھ ساتھ خصوصی اقتصادی زونز میں دو طرفہ تعلقات اور مستقبل کی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے پاکستان میں سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجود جاپانی کمپنیوں نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ کاروباری تعلقات قائم کیے ہیں اور بڑی مقدار میں سرمایہ کاری اور روزگار کے ذریعے پاکستانی معاشی ترقی میں کردار ادا کیا ہے۔ اسد عمر نے جاپانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کا دورہ کرنے اور ملک میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے وسیع شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ یہ میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ میں خاص طور پر اس اہم وقت میں جاپان اور پاکستان کے تعلقات کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہا ہوں اور اس شاندار ملک میں کام کرنا جس کی تاریخ، ثقافت اور بہت ہی گرم دل لوگ ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جاپانی سرمایہ کار آنے والے دنوں میں اپنے کاروبار کو مزید آگے لائیں گے اور اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ شراکت داری قائم کریں گے۔ انہوں نے وزیر سے اس سلسلے میں مزید آزاد، سازگار ٹیکس نظام کی درخواست کی۔