• news

4دا نش سکول سو لر توانا ئی پر منتقل ، صحت کے منصو بوں میں تا خیر بر داشت نہیں : عثمان بزدار 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب دانش سکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلینسی اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اتھارٹی کی کارکردگی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب کے 4دانش سکولوں کو مکمل طورپر سولر توانائی پر منتقل کردیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے طلبہ کے مفت یونیفارم کے لئے اضافی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دی۔ وزیر اعلی نے دانش سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں میں حکومت پنجاب کے فیصلے کے مطابق اضافے کی اصولی منظوری دی۔  اجلاس میں دانش سکولوں کے لئے انتظامی عہدوں پر بھرتیوں کی اجازت دی گئی۔ دانش سکولز اتھارٹی کو انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دانش سکولوں کے طلبہ کو سیاحتی مقامات کی سیر کرائی جائے گی۔ دانش سکولوں میں اکیڈمک اور سپورٹس میں ٹاپ کرنے والے طلبہ کو انعامات دیئے جائیں گے،  ہوسٹل میں رہائش پذیر طلبہ کی والدین سے ملاقات کے لئے خصوصی کمروں اور کینٹین کا قیام عمل میں لایا جائے گا، وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے دانش سکولز کے زیر تکمیل پراجیکٹ کے لئے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی اور کوٹ قیصرانی، تونسہ، بھکر اور منکیرہ کے دانش سکولوں جلد ازجلد مکمل کرنے کاحکم دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ دانش سکولو ں میں زیر تعلیم طلبہ کے بہن بھائیوں کو بھی ایڈمشن کی اجازت دے رہے ہیں۔ چکوال اور پیرمحل کے سینٹرز آف ایکسیلینسی کے پراجیکٹ بھی جلد مکمل کئے جائیں۔ پنجاب میں ایشیا کا سب سے بڑا بورڈنگ ادارہ پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔ تاندلیانوالہ میں نئے دانش سکول کا آغاز چند ہفتوں میں کردیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر قابل برداشت نہیں۔عوام کی سہولت کے پیش نظر اضلاع کے ہسپتالوں اور مراکز صحت کے زیر تکمیل منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ  مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کے منصوبوں  پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جناح ہسپتال اور نئے جنرل ہسپتال میں ایمرجنسی بلاک وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سروسز ہسپتال میں مریضوں کے رش کے پیش نظر ایمرجنسی بلاک کی تعمیر و توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دور دراز علاقوں کے ہسپتالوں اور مراکز صحت کے توسیعی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ ضلعی ہسپتالوں میں کارڈیک وارڈ بننے سے بڑے ہسپتالوں میں رش کم ہوگا۔  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے رکھنی میں جدید سہولیات سے مزین ہسپتال بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے معروف اداکار عابد فاروق کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ صحافی اجمل ستار ملک کے والد کے انتقال پر بھی اظہار افسوس کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن