شدید دھند ، زندگی درہم بر ہم ، حادثا ت میں 15زخمی
لاہور/ ٹوبہ ٹیک سنگھ/ گوجرہ/ کوٹ رادھاکشن/ نوشہرہ ورکاں (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) شدید دھند کی وجہ سے عوام کے معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے۔ دھند کی وجہ سے فضائی اور زمینی راستوں سے سفر کرنے والے مسافروںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں دھند کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں جانے والے طلبہ، سرکاری اور نجی ملازمین کو دفاتر پہنچنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔ حد نگاہ 50میٹر ہونے پر ائیر پورٹ کو پروازوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا۔ کئی پروازیں منسوخ اور متعدد لیٹ ہو گئیں۔ شارجہ سے آنے والے پرواز پی اے413 اور ریاض سے آنے والی پرواز ایکس وائے 317 کو منسوخ کردیا گیا۔ مسقط سے آنے والی پرواز ڈبلیو وائے 341 ، کویت سے آنے والی پرواز جے9501 ، استنبول سے آنے والی پرواز ٹی کے 714، کراچی سے آنے والی پی کے302 اور ترکش ائیر لائن کی پروازیں ایک سے آٹھ گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔ قومی اور نجی ایئرلائنز کی اندرون ملک چلنے والی پروازیں بھی موسم کی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہیں۔ دوسری جانب شدید دھند کی وجہ سے موٹروے کو کئی مقامات پر بند کردیا گیا جس سے موٹروے پر گاڑیوںکی قطاریں لگی رہیں۔ گنڈا سنگھ روڈ سیالکوٹ ائر پورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا۔ ائر پورٹ سے ملنے والی سڑکیں بھی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ نوشہرہ ورکاں اور گردونواح میں گزشتہ رات اور صبح دھند کا راج رہا۔ حد نگاہ انتہائی کم رہی جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سکول وین دھند کے باعث ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں طلبا سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ گوجرہ ٹوبہ روڈ پر پیش آیا جہاں سکول وین سڑک کنارے کھڑی ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ چک نمبر 284 ج ب سے ویگن نمبری 3976 ایل او کے پر ڈرائیور ساجد گائوں کے طالب علموں کو گوجرہ کے مختلف سکولوں میں لے کر آتا ہے جو گاؤں سے بچوں کو سکول چھوڑنے کیلئے شہر آ رہا تھا کہ دھند کے باعث آگے جانے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ویگن ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں طالب علم محمد انس، طالبہ صالح اور ویگن ڈرائیور ساجد شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر شدید زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا۔ دوسری طرف کوٹ رادھاکشن کے علاقہ چونگی نمبر 6 کے قریب شدید دھند کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں چھ افراد افراد معمولی زخمی جبکہ ایک شخص شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دھند کے باعث متعدد ٹرینوںکا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا۔