وزیراعلیٰ مہنگائی کیخلاف اقدامات خود مانیٹر کرتے ہیں: حسان خاور
لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کم کرنے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ جلد عوام کو اس کے اثرات محسوس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان صحت کارڈ، احساس راشن پروگرام اور ایسے ہی دیگر پروگرامات عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعارف کروائے گئے ہیں۔ آٹے، چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور پٹرول پر سیلز ٹیکس زیرو کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ایک بیان میں ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے تمام اقدامات کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ اپوزیشن حکومت کے خلاف صرف پراپیگنڈہ کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے سیاسی اشرافیہ سے مل کر ملکی معیشت تباہ نہ کی ہوتی تو آج عوام پر مشکل وقت آیا ہوتا اور نہ ہی حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑتے۔