پاکستان میں مہنگائی خطے کے ممالک کی نسبت ڈبل سے بھی زیادہ: سٹیٹ بنک رپورٹ
لاہور (کامر س رپورٹر) سٹیٹ بنک کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطے کے دیگر ملکوں کے مقابلے دو گنا سے بھی زیادہ ہے جس سے حکومت کے دعوے کی نفی ہو گئی ہے کہ پا کستان میں مہنگائی بھارت، بنگلہ دیش اور خطے کے دوسرے ملکوں سے کم ہے۔ سٹیٹ بنک کے مطابق نومبر میں پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح 11.5 فیصد رہی، جو سری لنکا کو نکال کر دوسرے ملکوں کی شرح کے دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔ سری لنکا میں نومبر کے دوران مہنگائی کی شرح 9.9 فیصد رہی لیکن اس کے باوجود سری لنکا میں مہنگائی کی شرح پاکستان سے کم ہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نومبر میں بھارت میں مہنگائی کی شرح 4.5 فیصد اور چین میں 1.5 فیصد رہی۔ ملائشیا میں 2.9 فیصد، انڈونیشیا میں 1.8 فیصد، تھائی لینڈ میں 2.7 فیصد اور جنوبی کوریا میں 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بنک نے بنگلہ دیش کی مہنگائی کی شرح نہیں بتائی تاہم بنگلہ دیش کے مرکزی بنک کے مطابق بنگلہ دیش میں گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح پہلے سے تھوڑی کم ہو کر 5.4 فیصد رہی۔