• news

افغا نستان کو تنہا چھعڑ نا کسی کے مفاد میں نہیں ، ہر ممکن  مدد کر ینگے: عمران 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان افغانستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت افغانستان سے متعلق ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزرائ، انٹیلی جنس حکام اور سینئر سول وملٹری افسران نے شرکت کی۔ شرکا نے افغانستان کو انسانی بنیاد پر ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان انسانی بحران سے بچانے کیلئے افغانستان کی مدد کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امید ہے کہ دنیا افغانستان سے علیحدگی جیسی غلطی نہیں دہرائے گی، عالمی برادری افغانستان کے کمزور لوگوں کی مدد کرے، پاکستان انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے افغانستان کو  ہرممکن مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلے ہی مالی طور پر افغانستان کی مدد کا عہد کر رکھا ہے، غذائی اجناس، ہنگامی طبی سامان اور مالی مددکی فراہمی جاری رہے گی، افغانستان کو ضرورت کے وقت تنہا چھوڑنا کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان نے افغان عوام کے لئے5 ارب روپے کی امداد مختص کی ہے۔ ایپکس کمیٹی کے شرکاء نے افغانستان میں ہنگامی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاک افغان بارڈرکی تازہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان آئے افغان شہریوں کو مفت کرونا ویکسین کی سہولت جاری رہے گی، افغان شہریوں کیلئے ویزے کا حصول بھی آسان کردیا گیا ہے۔ پاکستان اتوار کو او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اجلاس میں افغان عوام کی مشکلات کو اجاگر کیا جائے گا اور مدد پر گفتگو ہو گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی تجاوزات اور غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنا اور ان کو سیاسی تنقید کا نشانہ بنانا بلاجواز ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے بارے جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اور راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے لاہور اور ملک کے مستقبل کے لیے اہم ہیں۔ منصوبوں میں ماحول دوست مٹیریل کا استعمال کیا جائے۔ گرین اربنائزیشن ماڈل ملک کے دوسرے شہروں میں بھی استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے شہریوں کی سہولت اور معاشی ترقی کے لیے شروع کئے ہیں، حکومت غیر فعال اثاثوں کو سرمایہ کاری کے قابل بنا رہی ہے۔ دریں اثناء  وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں سینیٹر سیف اللہ نیازی اور سینیٹر عبدالقادر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں قانون سازی و پارلیمان کے امور پر گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں گوادر دھرنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم سے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ احسن ظفر نے بھی ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر  وزیراعظم عمران خان نے سرمایہ کاری بورڈ سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کیلئے تجاویز طلب کرنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ اقدامات کی تکمیل کو معینہ مدت میں یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن