پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی، شوکاز نوٹس کا جواب دونگا:اصغر وڑائچ
گکھڑ منڈی (نامہ نگار )پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی، ضلعی جنرل سیکرٹری کی طرف سے ملنے والے شوکاز نوٹس کا جواب دے کر سرخرو ہونگا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ کو جب اپنے ساتھی ممبر ساجد اکرام لون کا ووٹ دلایا تھا اس وقت نومنتخب وائس پریذیڈنٹ تحریک انصاف کا ممبر تھا جبکہ قمر علی چیمہ تحریک انصاف کی قیادت کی طرف سے ملنے والی ٹکٹ پر بدوکی گوسائیاں سے ممبر کنٹونمنٹ بورڈ منتخب ہوا تھا ان خیالات کا اظہار پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری کی طرف سے تحصیل کی صدارت سے معطل کرنے پر چوہدری اصغر وڑائچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عمران خاں کے سپاہی اور پارٹی کے بنیادی و نظریاتی کارکن ہیں۔ مقامی قیادت سے اختلافات کی وجہ سے قمر علی چیمہ جو اس وقت تک تحریک انصاف کا ممبر تھا کو کامیاب کروایا لیکن نومنتخب وائس پریذیڈنٹ قمر علی چیمہ کامیابی کے بعد منحرف ہوکر مسلم لیگ ن میں شامل ہوگیا جبکہ وہ اور اس کے ساتھی ممبر ساجد اکرام لون بدستور تحریک انصاف میں ہیں اور رہیں گے کیوں کہ انہوں نے پارٹی کو نقصان نہیں پہنچایا بلکہ پارٹی میں موجود چند ہٹ دھرم سیاست دانوں نے نقصان پہنچایا ۔ سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری پر مکمل اعتماد ہے اور وہ ان کے موقف کو درست تسلیم کرکے دوبارہ تحصیل صدر کے عہدے پر بحال کریں گے۔