• news

بھارت پاکستان کیخلاف عالمی سازشوں میں مصروف ہے:خلیق احمد

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے رہنما خلیق احمد بٹ نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ اور آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ کے پیچھے سفاک دشمن بھارت ہے۔اب بھی بھارت پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر سازشوں میں مصروف ہے۔بلوچستان اور پورے ملک میں بدامنی کی فضا قائم کرنے کے لئے کالعدم تنظیموں اور دہشت گردگروہوں کو فنڈنگ کررہاہے۔ پکڑے گئے جاسوس اعتراف جرم بھی کرچکے ہیں۔ اس کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے سراج الحق جیسی دلیر اور جرات مند قیادت کی ضرورت ہے۔ ماضی کی غلطیوں سے ہمیں سبق سیکھنے کی ضرور ت ہے۔ اگر اب بھی ہم نے ہوش کے ناخن نا لئے تو بہت دیر ہو جائیگی۔ ان خیالات کااظہار گزشتہ روز دفترجماعت اسلامی لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کے ہمراہ جبران بٹ، ملک محمد منیر، حافظ حسان بٹ، ایاز احمد شیخ ودیگرموجود تھے۔ جبران بٹ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے۔ملک کی معیشت تباہ کی جارہی ہے۔ غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔ ادویات کی قیمتیں کئی گنا بڑھا دی گئی ہیں۔ان تمام مصیبتوں سے نجات کا واحد حل جماعت اسلامی ہے۔ ملک منیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ جماعت اسلامی لاہور این 125 کے زیر اہتمام 16دسمبر کو ریلی اور جلسہ کیا جائیگا۔ جس میں ڈاکٹر فرید اہم پراچہ و دیگر علمی و ادبی شخصیات شرکت کریں گی۔

ای پیپر-دی نیشن