جنوبی اشیا میں استحکام کیلئے تنازعہ کشمیر کا پر امن حل ضروری:آرمی چیف
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپان کے پاکستان میں سفیر مسٹر واڈا مٹسوہیرو نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپان کے سفیر کی ملاقات میں علاقائی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تنازع کشمیر کے پرامن حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے استحکام کے لئے تنازع کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن اور خوشحالی کے لئے اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔ آرمی چیف نے افغانستان میں امن اور مفاہمتی اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے افغانستان میں انسانی امداد کے لئے ادارہ جاتی میکنزم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان جاپان کے عالمی اور علاقائی معاملات میں کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور جاپان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ جاپان کے سفیر نے افغاستان میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایڈمرل سرانٹونی ڈیوڈ ایڈپلکن کو نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ برطانوی چیف آف ڈیفنس پاک برطانیہ تعاون مزید مضبوط کرنے میں کردار ادا کریں گے۔ آرمی چیف اور برطانوی چیف آف ڈیفنس کے درمیان فوجی تعاون‘ علاقائی سلامتی کے امور اور افغانستان کی موجودہ انسانی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل باجوہ نے افغانستان کو انسانی امداد کیلئے ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیتے کہا کہ افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ برطانوی چیف آف ڈیفنس نے افغان صورتحال‘ علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ایڈمرل سرانٹونی نے پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔