• news

کرنٹ اکائونٹ اور مالی خسارہ، دیوالیہ جیسی تشویشناک صورتحال ہے: شبر زیدی


 اسلام آباد (این این آئی) سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے وضاحت کی ہے کہ ملک کے دیوالیہ ہونے سے متعلق میرے بیان کو غلط رپورٹ کیا جا رہا ہے۔ شبر زیدی کا ایک ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ملک بڑا اچھا چل رہا ہے، ہم نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے اور ہم تبدیلی لے آئے، یہ سب غلط ہے، میرے حساب سے ملک دیوالیہ ہو چکا ہے۔ بعد میں سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں شبر زیدی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نجی یونیورسٹی میں میری تقریر ڈیڑھ گھنٹے کی تھی لیکن صرف 3 منٹس کو نکال کر پیش کیا جا رہا ہے۔ سابق چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ میں نے صرف یہ بتایا تھا کہ موجودہ کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے کے معاملات دیوالیہ جیسی تشویش ناک صورت حال ظاہر کر رہے ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔ شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ملک کے دیوالیہ ہونے سے متعلق میرے بیان کو غلط رپورٹ کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن