لڑکوں کا شاندار کھیل ، پلان کے مطابق کھیلے ، جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے : بابر اعظم
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو محمد رضوان سے سیکھنا چاہیے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئٹی سیریز میں کلین سوئپ کرنے پر بابراعظم نے کہا کہ پلان یہی تھاکہ صورتحال کودیکھ کربیٹنگ کرنی ہے تمام لڑکوں نے تینوں میچزمیں شاندار پرفارمنس دی۔بابراعظم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف کلین سوئپ ٹیم ورک کانتیجہ ہے ورلڈکپ کوذہن میں رکھ کر تیاریاں کر رہے ہیں نوجوان کھلاڑیوں کو محمدرضوان سے سیکھناچاہیے۔محمد رضوان نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے ۔ وہ تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہے ہیں ۔ تیسرے میچ میں شاہنواز دھانی اور محمد حسنین نے موقع دیا سب نے اچھا پرفارم کیا ہے ۔ ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے تیاریاں درست سمت جار رہی ہیں ۔ آسٹریلیا کی کنڈیشنز مختلف ہونگی اس حوالے بھی تیاری کر رہے ہیں ۔ کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا ہے اور ہماری بنچنگ سٹرینتھ مضبوط ہو گئی ہے ۔ تیسرے میچ میں ہدف بڑا تھا ‘ورلڈ کپ میں بھی بڑے ہدف ملیں گے اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے تیاری کررہے ہیں ۔ کوشش کی تھی رن ریٹ کے مطابق آغاز کیا جائے اور حکمت عملی میں کامیاب رہے ۔ویسٹ انڈین کپتان نکولس پوران نے کہا کہ پاکستان نے اچھی کرکٹ کھیلی اور شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے سیریز جیتی ہے ۔ ہماری ٹیم نے بھی بہترین پرفارم کیا ہے ۔پہلے میچ کی کارکردگی اور دوسرے میچ میں پرفارمنس دیکھیں اور تیسرے میچ کو دیکھیں تو ہرمیچ کے ساتھ کارکردگی بہتر ہوئی ہے ۔ نوجوان کھلاڑی نے اچھا پرفارم کیا ہے ۔کرونا وائرس کی وجہ سے کھلاڑیوں کے مبتلا ہونے سے بھی ٹیم پر دبائو تھا ۔ سینئر کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوئی ۔ نوجوان کھلاڑیوں نے بہت کچھ سیکھا ہے جو مستبقل میں کام آئے گا۔ پاکستان میں شاندار استقبال کرنے اور شائقین کی طرف سے حوصلہ افزائی کرنے پر شکر گزار ہیں ۔ مین آف دی میچ اور سیریز محمد رضوان نے کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ مل کر بڑ اہدف حاصل کرنے کی حکمت عملی بنائی تھی ۔ ہماری کوشش تھی کہ پاور پلے کو زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے جس میں کامیاب رہے ۔ اچھا آغاز ملنے پر ہدف حاصل کرنے میں آسانی ہوئی ۔ سال میں دو ہزار رنز بنانے کا کبھی نہیں سوچا تھا ‘ماضی کو بھول کر ہر میچ میں نئی صورتحال کے تحت میدان میں اترتا ہوں ۔ اللہ تعالیٰ کاشکر ہے کہ عزت عطاء کی ہے ۔ مستقبل میں کوشش ہوگی اچھے سے اچھا پرفارم کروں ۔ تسلسل کے ساتھ پرفارمنس کے حوالے سے کہا کہ ہر گیند کو میرٹ پر کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں ۔ لیگ سائیڈ پر چھکا مارنے کی کافی پریکٹس کی ہے ‘یہ کافی مشکل شارٹ ہے ۔کئی بار پسلیوں پر گیند بھی کھا چکا ہوں ۔ آف سائیڈ پر بہتر کھیلنے کی بھی پریکٹس کر رہا ہوں ‘کوچنگ سٹاف اس سلسلہ میںکافی مدد کر رہا ہے ۔ سیریز جیتے پر بہت زیادہ خوشی ہوئی ہے ‘افرادی کارکردگی سے زیادہ ٹیم کے جیتنے پر خوشی ہوتی ہے ۔ یہ سب ٹیم ورک ہے ‘سب کھلاڑی مل جیت میں حصہ ڈالتے ہیں ۔ جیت کا کریڈٹ ٹیم کو جاتا ہے ۔