• news

گیس قلت حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ: شہباز شریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)  شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی قلت حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ صبح، دوپہر اور شام گیس فراہمی کا وعدہ بھی جھوٹ نکلا اور عوام کھانا پکانے سے بھی قاصر ہیں۔ شہباز شریف نے گیس کے شدید بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ گھریلو صارفین کو کم از کم تین اوقات گیس فراہم ہوگی لیکن یہ بھی نہ ہوسکا، بچے بھوکے پیٹ سکول جانے پر مجبور ہیں لیکن حکومت کو احساس نہیں۔ ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں ناشتہ اور کھانا پکانے میں بھی انتہائی مشکل کا شکار ہیں۔ عمران نیازی کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے آج پورے پاکستان سے گیس غائب ہے، گھروں میں اتنی گیس بھی نہیں آرہی کہ خواتین کھانا پکا سکیں۔ حکومت کا دعویٰ تھا کہ برآمدی صنعت کی خاطر لوکل صنعت کو گیس فراہمی بند کررہے ہیں، لوکل تو کیا برآمدی صنعت کو بھی گیس بند ہے، یہ نالائقی اور کرپشن نہیں تو اور کیا ہے؟۔ صنعتوں کو گیس نہیں ملے گی تو بے روزگاری مزید بڑھے گی۔ ٹیکس کہاں سے وصول ہوں گے؟، برآمدی صنعت کو گیس نہیں ملے گی تو ایکسپورٹ کے ڈالر کہاں سے آئیں گے؟، خود حکومتی ٹیم کے سابق رکن اعتراف کرچکے ہیں کہ عمران نیازی حکومت معیشت کا دیوالیہ نکال چکی ہے۔ گیس کا بحران سراسر پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن اور نااہلی نے پیدا کیا ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گیس کا مکمل انفراسٹرکچر لگایا تھا، اتنی گیس لائی جاسکتی تھی جس سے عوام اور صنعت دونوں کی ضروریات کو بخوبی پورا کیا جا سکتا تھا۔ اصل مسئلہ گیس کا بحران نہیں، موجودہ حکومت کی کرپشن اور نااہلی کا ہے جو خود بحران پیدا کردیتی ہے۔ اہل حکومت ہوتی تو بروقت گیس خریدتی، نظام میں گنجائش موجود تھی، صرف بروقت انتظامات درکار تھے جو نہ ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن