سانحہ سیالکوٹ‘ عدنان کو گواہ بنانے‘ ٹرائل جنوری میں شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور/ سیالکوٹ/ گوجرانوالہ (اپنے نامہ نگار سے+ نمائندگان خصوصی) سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کو جلانے کے مقدمے میں پراسیکیوشن نے ملک عدنان کو گواہ بنانے، ٹرائل جنوری میں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پراسیکیوشن کی خصوصی ٹیم نے تفتیشی افسر کو ہدایات کی کہ ملک عدنان کو گواہان کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ مقدمے کا چالان جنوری کے پہلے ہفتے پراسکیوشن میں جمع کروایا جائے گا۔ پراسیکیوشن کے مطابق چالان میں ویڈیوز شوائد اہم دستاویزات ہونگی۔ تمام ویڈیوز کو بطور شہادت عدالت پیش کیا جائے گا۔ سانحہ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل میں ملوث مزید 33ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ ملزمان کو خصوصی عدالت کی جج نتاشہ نسیم کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ فاضل جج نے ملزمان کو 17روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ پیشی کے موقع پر پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ کچہری کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس جوانوں کے دستے تعینات تھے۔ سانحہ سیالکو ٹ میں ملوث 52ملزمان پہلے ہی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہیں۔