رزق اللہ ہی دیتا ہے اس کے حصول کی کوشش فرض ہے : مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہل حدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے خطبہ جمعہ کے دوران کہا کہ ہمارے دین میں دولت کے حصول کی کوشش پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن اس کے لیے جائز اور حلال ذرائع اختیار کرنے کا حکم ہے بلکہ اللہ کریم نے اس کو اپنا فضل قرار دیتے ہوئے اس کی جائز طلب کی تلقین کی ہے۔ ہمارا ایمان ہونا چاہیے کہ رزق اللہ ہی دیتا ہے لیکن حصول کی کوشش کرنا فرض ہے۔ گھر میں بیٹھ کر رزق کی آمد کا انتظار کرنے سے زندگی نہیں گزرتی۔ روز و شب گزارنے کے لیے یہ نظام چلایا گیا ہے۔ دولت کی جدوجہد اور اچھی پر آسائش زندگی کی تمنا ہر انسان کی فطرت میں شامل ہے لیکن رزق حلال کی کوشش ہونی چاہیے۔ا س کے حصول میں حرام کی آمیزش نہ ہونے دے۔ کم ملے یا زیادہ لیکن اللہ پر بھروسہ اور توکل کرے اس کے ہاں دینے میں دیر تو ہوسکتی ہے لیکن وہ کسی کو مایوس نہیں کرتا۔ اور وہ ایسی جگہ اور تدبیر سے رزق دیتا ہے جہاں سے انسان گمان ہی نہیں کرپاتا۔