• news

حکومت اعصابی طور پر شکست کھا چکی‘ بلے‘ شیر‘ تیر کا دور ختم: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اعصابی طور پر شکست کھا چکی۔ بلے، شیر اور تیر کا دور ختم ہو گیا اب ترازو پر انصاف ہوگا۔ کے پی کے  کے عوام تیار رہیں، جس پولنگ سٹیشن پر دھاندلی ہو گی وہیں دھرنا دیںگے۔ 19دسمبر کو صوبے کے عوام ترازو پر مہر لگا کر حکومتی مظالم کا بدلہ لیں گے۔ اتوارکا دن پی ٹی آئی کا صوبے میں الوداع کا دن ہوگا۔  ہر دن ایک نیا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ جھوٹ نہیں بولوں گا اب انہوں نے جھوٹ کو یوٹرن کا نام دے دیا۔ قوم سانپوں کو مزید دودھ نہ پلائے۔ یہ اژدھے بن کر عوام کو کھا جائیں گے۔ ملک کے فیصلے امریکہ میں ہوتے ہیں، ہمارے حکمران انہیں لاگو کرتے ہیں۔ جو حکمران ساڑھے تین برسوں میں ملک میں بہتری نہ لاسکے وہ ڈیڑھ برس میں کیا کریں گے۔ پی ٹی آئی، ن لیگ، پی پی کی حکومتیں ایک جیسی، ناکام اور نااہل ثابت ہوئیں۔ آزمائے ہوئے حکمران پھر قوم سے ’’موقع‘‘ مانگ رہے ہیں۔ ان حکمرانوں کی وجہ سے کشمیر ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں تحصیل چیئرمین کے امیدوار سردار عالم خان کے واحدگھڑی اور مقصود آباد میں ہونے والے انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین نیبرہڈکے امیدواروں نظام اللہ اور محمد اقبال خان نے بھی خطاب کیا۔ نائب امیر صوبہ صابر حسین اعوان، امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔ ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے، سودی اور کرپٹ سرمایہ دارانہ معیشت اور دین بیزار قوانین سے کبھی بھی مدینہ کی ریاست نہیں بن سکتی۔ کے پی کے حکومت صوبے کی تاریخ کا ناکام ترین انتظام ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن